(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یہودی شرپسندوں نے ایک تازہ واردات میں مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمال میں المغیر قصبے میں فلسطینی شہریوں کے 100 دونم رقبے پر پھیلی فصلیں اور باغات نذرآتش کر ڈالے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق المغیر قصبے کی ایگری کلچر ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہودی شرپسندوں نے قصبے میں گندم، چارے کے لیے استعمال ہونے والے بیج اور سیکڑوں زیتون کے درخت جلا ڈالے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہودی آباد کار فلسطینیوں کی فصلوں اور باغات کو آگ لگانے کے بعد فرار ہو گئے۔ اگر کسان موقع پر موجود نہ ہوتے تو آگ لگنے سے فصلوں اور باغات کو مزید نقصان پہنچتا۔ اس کے باوجود آتش زدگی سے زیتون کے 120 پھل دار پودے تلف ہو گئے۔