رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزیراوقاف الشیخ یوسف ادعیس نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ یہودی شرپسندوں نے اریحا میں العوجا قصبے میں فلسطینی محکمہ اوقاف کی ایک سو دونم اراضی پرقبضہ کرلیا ہے۔ جب ہم وہاں موقع پرپہنچے تو یہودی آباد کار اراضی میں موجود کھجور اور دیگر پھل دار پودوں کو کاٹنے اور زمین کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے ہموار کرنے میں مصروف تھے۔
یوسف ادعیس نے بتایا کہ العوجا میں موجود محکمہ اوقاف کی اراضی کھجوروں کے ایک باغ کی شکل میں موجود ہے اور اس کی آمدنی فلسطینی محکمہ اوقاف کو دی جاتی ہے۔ یہودی آباد کاروں نے ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت اس راضی پرہاتھ ڈالنے کی مذموم کوشش کی ہے مگراسے کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ اموردینیہ کی اراضی پریہودیوں کے قبضے کا نوٹس لے اور اراضی واگزار کرانے کے ساتھ ساتھ اس کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔
