(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں قید بھوک ہڑتالی فلسطینی بلال الکاید کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مزید کئی قیدیوں نے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ آج سے ریمون جیل کے 10 مزید قیدی بھوک ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلال کاید کی بھوک ہڑتال پر صہیونی ریاست کے خلاف فلسطینی عوام میں غم وغصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں ریمون جیل میں قید دس قیدیوں نے آج سے بلال کاید کے ساتھ یکجہتی کے طور پر بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اسیر بلال کاید 15 سال تک اسرائیلی جیل میں قید پوری کرنے کے بعد انہیں رہا کرنے کے بجائے صہیونی حکام نے انتظامی حراست میں منتقل کر دیا تھا، جس پر انہوں نے بہ طور احتجاج گذشتہ 34 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔