فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے انہدامی کارروائی کے دوران الظاھریہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے زیراستعمال 10 عمارتیں مسمار کردیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی سماجی رہ نما مراد جبارین نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فوج نے مویشیوں کے استعمال کے لیے بنائی گئی 07 جھونپڑیاں مسمار کردیں جبکہ بلڈوزروں کی مدد سے پینے کے تین کنوئیں تباہ کردیے۔جبارین نے بتایا کہ صہیونی فوج کی کوئی 10 فوجی گاڑیوں کے ہمراہ بلڈوزروں نے مسماری کا ظالمانہ سلسلہ شروع کیا۔ مسمار کردہ عمارتیں راتب احمد محمد عموج، خلیل سالم، ایمن سلیم الطل اور سلیمان حمد جبارین کی ملکیت میں تھیں۔ خیال رہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے الخلیل میں فلسطینیوں کے زیراستعمال جھونپڑیوں کو ایک ایسے وقت میں مسمار کیا گیا ہے جب صہیونی حکومت کی جانب سے الخلیل میں یہودی آباد کاروں کے لیے غیرقانونی توسیع پسندی کا عمل بھی جاری ہے۔
