مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں مذہبی امور اوقاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی پولیس مسجد اقصیٰ کے معاملات میں ناجائز مداخلت کرتے ہوئے رواں سال کے آٹھ ماہ کے دوران چھ محافظوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روک دیا حالانکہ وہ تمام محافظ قبلہ اول کی مستقل سیکیورٹی پر مامور تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی پولیس کی جانب سے مسجد اقصیٰ سے نکالےگئے سیکیورٹی اہلکاروں کی قبلہ اول بدری کی مختلف مدتیں مقرر کی ہیں۔ بعض محافظوں کی قبلہ اول میں داخلے پر تین ماہ تک پابندی ہے۔ جبکہ کچھ کو چھ ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ سے نکال باہر کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ چند ایام میں مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کی غیرمعمولی تعداد میں
اضافے بالخصوص خواتین نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ اسرائیلی فوج اور پولیس کی مداخلت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صہیونی پولیس اہلکار یہودی آباد کاروں کو تحفظ دینے کے لیے قبلہ اول میں ہمہ وقت موجود رہتے ہیں۔ حالیہ ایام میں یہودی شدت پسندوں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
