مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی جارحیتیں ٓج بھی جاری رہیں۔ اسرائیلی فوج نے رام اللہ، قلقیلیہ اورالخلیل سے بارہ افراد کو گرفتار جبکہ نابلس میں صہیونی بلڈوزروں نے درجنوں ایکڑ زرعی اراضی روند ڈالی۔ ادھر سیکڑوں یہودیوں نے مسجد ابراھیمی میں گھس کر مسجد کا تقدس پامال کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز علی الصباح قدیم تاریخی شہر الخلیل کے جنوبی علاقے الظاھریہ میں فلسطینیوں کے مکانات میں گھس کر دو شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں عایش سمامرہ اور ابراھیم عبد القادر شامل ہیں جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح صہیونی اہلکاروں کی بڑی تعداد الشلالہ روڈ پر پھیل گئی اور الخلیل کے وسط میں واقع اس شاہراہ کے اطراف موجود گھروں میں گھس کر تلاشی لیتی رہی۔
اسرائیلی فوجیوں نے اس موقع پر فرید سلیم نامی ایک شہری کو بہیمانہ تشدد کر کے شدید زخمی کر دیا جسے شہر کے سرکاری ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے صبح چھ بجے رمانہ اور زبوبہ کےعلاقوں میں چیک پوسٹیں قائم کر کے شہریوں کو زد و کوب کیا۔
مغربی کنارے کے اس سب سے بڑے شہر الخلیل میں ہی یہودی آباد کاروں اور سیاحوں کی بسوں نے آج جلیل القدر پیغمبر حضرت ابراھیم علیہ السلام سے منسوب مسجد ابراھیمی پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوج کی حفاظت اور حصار میں صہیونی سیاحوں کی پانچ بسیں حرم ابراھیمی میں داخل ہوئیں۔ ان بسوں کے ساتھ اسرائلی پولیس اور فوج کی متعدد گاڑیاں بھی مسجد کی حدود میں داخل ہوئی۔
یہودی سیاحوں کی بڑی تعداد گھنٹوں ابراھیم خلیل اللہ سےمنسوب اس مسجد کو اپنے ناپاک قدموں تلے روندتی رہی۔
اطلاعات کے مطابق رام اللہ اور قلقیلیہ میں بھی اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے مختلف چھاپہ مار کارروائیاں کر کے شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
ادھر نابلس میں اسرائیلی انتظامیہ کے زیر انتظام بلڈوزروں نے شہر کے جنوبی علاقے بیت فوریک میں گھس کر فلسطینیوں کے خیموں اور زرعی اراضی کو روند ڈالا۔
شمالی مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کے امور کے ذمہ دار غسان ڈگلس کا کہنا ہے کہ الجعوانہ بستی میں اسرائیلی بلڈوزروں نے فلسطینیوں کے متعدد خیمے روند ڈالے ہیں۔ اس علاقے میں اسرائیلی فوج کی گاڑیوں کی بڑی تعداد بھی گشت کرتی رہی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

