(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دیر الحطب کے مقام پر یہودی شرپسندوں نے ایک فلسطینی شہری کے زیتون کے باغ پرحملہ کرکے باغ میں موجود سیکڑوں قیمتی پھل دار پودے تلف کردیے جس کے نتیجے میں باغ کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔
یر الحطب کے مقامی شہری محمد حسین نے بتایا کہ گذشتہ روز علی الصباح جب کاشت کار اپنے کھیتوں میں گئے توانہوں نے ایک باغ میں موجود بیشتر زیتون کے پودے تلف پائے۔ پودوں کو آری کے ذریعے کاٹا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام یہودی شرپسندوں کا ہے جن کا تعلق قریبی یہودی کالونی، ’’الون موریہ‘‘ سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حسین اور زامل خاندانوں کے ملکیتی باغ کے 55 بڑے درخت اور سیکڑوں چھوٹے پودے تلف کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ باغ یہودی کالونی سے کوئی 700 میٹر کی مسافت پرواقع ہے جو ماضی میں بھی یہودی اشرار کی ریشہ دوانیوں کا نشانہ بن چکا ہے۔
