اسلامی مسیحی فاؤنڈیشن برائے نصرت القدس و مقدسات نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے یہودی تہواروں کے مخصوص ایام میں مسجد اقصی کے صحنوں میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے
اور صرف یہودیوں کو مسجد میں داخلے کی اجازت دینے کا ایک منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ انتہاء پسند اسرائیلی رکن پارلیمان زئیب الکین پہلے ہی صہیونی پارلیمان میں یہ منصوبہ پیش کرچکے ہیں، ذرائع کے مطابق صہیونی حکومت زئیب الکین کی اس تجویز پر عمل کرنے جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی تنظیمیں پہلے ہی مسجد اقصی کے صحنوں کو مسلمانوں کے مقدس مقامات سے نکال کر عام جگہ قرار دے چکی ہیں، جس کے بعد اب اگلے اقدام کے طور پر ان صحنوں میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائیگی۔ اسلامی مسیحی فاؤنڈیشن نے خبردار کیا کہ ان مخصوص ایام میں انتہاء پسند یہودی مسجد اقصی میں بلا روک ٹوک تلمودی عبادات کی ادائیگی کرینگے اور ان ایام میں مسلمانوں کو مسجد اقصی میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔ اس طرح اسرائیل مسجد اقصی کو یہودیانے کے منصوبے میں ایک قدم اور آگے بڑھ جائیگا۔ فاؤنڈیشن نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ عرصے میں مسجد اقصی پر یہودی آباد کاروں کے حملے میں تیزی بھی مسجد اقصی کو گھناؤنے صہیونی منصوبے کے تحت یہودیانے کے عمل کا آغاز تھا، فاؤنڈیشن نے بتایا کہ ایک غاصب یہودی رہنما یورام زاموش کی جانب سے جاری روڈ میپ ’’یروشیلم 2020‘‘ کی ایک شق میں مسجد اقصی کی تقسیم بھی شامل ہے۔ صہیونی حکومت نے اس منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔
اسلامی مسیحی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل حنا عیسی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اس منصوبے پر عمل کرتے ہوئے مخصوص دنوں میں مسجد اقصی کو مسلمانوں کے لیے ایسے ہی بند کردے گی جیسا اب مسجد ابراھیمی کو کیا جاتا ہے۔ ان دنوں میں صرف یہودی انتہاء پسند ہی مسجد میں داخل ہوکر اس کی بے حرمتی کیا کرینگے۔ محاصرہ مخالف قومی کمیٹی کے سربراہ رکن پارلیمان جمال خضری کے مطابق اسرائیلی حکومت نے گزشتہ کچھ عرصے میں مغربی کنارے اور القدس میں یہودی آباد کاری تیز کردی ہے۔ اسی طرح القدس اور مسجد اقصی سمیت مسلمانوں کے تمام مقدس مقامات کو یہودیانے کا عمل بھی خطرناک حد تک تیز ہوگیا ہے مگر دوسری جانب عالمی برادری اور ساری عرب اور اسلامی دنیا چپ سادھے بیٹھی ہے۔ اس موقع پر جمال خضری نے اسرائیلی حملوں کے سامنے اہالیان القدس کی ثابت قدمی برقرار رکھنے کے لیے ان کی فوری مدد کی ضرورت پر زور دیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین