(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں یطا کے مقام پر سوموار کے روز ایک یہودی آباد کار نے اپنی کار دانستہ طورپر ایک فلسطینی بچے پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بچے کو روندنے کے بعد یہودی شرپسند موقع سے فرار ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی الخلیل کے یطا قصبے میں سڑک پر چلتے ایک گیارہ سالہ بچے حمزہ محمود محمد ربعی کو یہودی آباد کار نے گاڑی تلے روند دیا جس کے نتیجے میں اس کا دایاں جبڑا بری طرح کچلا گیا۔ بچے کو خون آلود حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو گاڑیوں تلے روندے جانے کے واقعات روز کا معمول ہیں۔ یہودی آباد کار اسرائیلی فوج اور پولیس کی موجودگی میں فلسطینیوں کو کچل کر فرار ہوجاتے ہیں۔