مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں سرگرم انتہا پسند یہودی تنظیموں نے مذہبی یہودیوں سے جمعرات 29 جون 2017ء کو بیت المقدس میں واقع مسلمانوں کے قبلہ اول [مسجد اقصیٰ] پر بڑی تعداد میں دھاوے بولنے کی اپیل کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں میں بتایا ہے کہ ’جبل ہیکل‘ نامی ایک عبرانی مذہبی ویب سائیٹ پر عبرانی زبان میں ایک اپیل پوسٹ کی گئی ہے جس میں یہودی آباد کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ جمعرات انتیس جون کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جبل ہیکل [مسجد اقصیٰ] میں جمع ہو کر اجتماعی طور پر مذہبی رسومات ادا کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے ماہ صیام کے آخری عشرے میں فلسطینیوں کے اعتکاف اور عید الفطر کی وجہ سے یہودی آباد کار جبل ہیکل میں داخل نہیں ہوسکے۔ اب یہودیوں کے حرم قدسی میں داخل ہونے میں کوئی امر مانع نہیں ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ میں مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے یہودیوں کی مذہبی کتاب تلمود کی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی اشرار کی ماہ صیام کے دوران قبلہ اول کی بے حرمتی کا سلسلہ بھی بدستور جاری رہا ہے۔