انتہاء پسند یہودی آباد کاروں نے مغربی کنارے کی اراضی کو ہتھیانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، غاصب یہودی اب بیت لحم میں ایک یہودی بستی کو توسیع دینے کے لیے الخضر ٹاؤن کے علاقے ’’بطن المعصی‘‘ میں موبائل گھروں کو منتقل کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ الخضر ٹاؤن کے بہت سے کسانوں نے دیکھا ہے کہ غاصب یہودی آباد کار اپنی بستی ’’اٹامار‘‘ کے سامنے درجنوں گشتی گھروں کو منتقل کر چکے ہیں۔ ان گھروں کو یہاں لانے کا مقصد بستی میں توسیع کرنا ہے۔ یاد رہے کہ یہ بستی سنہ 2000ء میں شروع ہونے والے فلسطینیوں کے دوسرے انتفاضہ کے موقع پر قائم کی گئی تھی۔
دوسری جانب مغربی کنارے کے اطراف اسرائیلی نسلی دیوار کی مخالف کمیٹی کے کوآرڈینیٹر احمد صلاح نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے کچھ روز قبل عین القسیس کے علاقے میں ایک سرنگ کھودی تھی۔ اب اس سرنگ میں ستون نصب کردیے گئے ہیں اور بجلی کی لائنیں بھی بچھا دی گئی ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ الخضر ٹاؤن میں جاری اسرائیلی آباد کاروں کی ریشہ دوانیاں روکنے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں کو جلد از جلد مداخلت کرنا ہوگی وگرنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
