انتہا پسند یہودی آبادکاروں کے ایک گروہ نے مسجد اقصٰی کے مغاربہ دروازے سے اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری کے زیر حفاظت مسجد پر دھاوا بول دیا۔
عینی شاہدین نے صفا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 37 اسرائیلی آبادکاروں نے مسجد اقصٰی پر دو گروپوں میں تقسیم ہو کر دھاوا بول دیا اور اشتعال انگیز انداز میں مسجد کا دورہ کیا۔
اسرائیلی حکام نے مسجد اقصٰی کے دروازوں کو بند کردیا اور خواتین کو مسجد کے احاطے میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے صرف 50 سال سے زائدالعمر مردوں کو داخل ہونے کی اجازت دی۔
اس وقت مسجد اقصٰی میں صرف 30 نمازی موجود ہیں جبکہ مسجد پر دھاوا بولنے والے یہودی آبادکاروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے پچھلے دنوں کے دوران مبینہ معبد کی تباہی کی برسی کے موقع پر مسجد اقصٰی پر دھاوے بولنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دریں اثناء بیت المقدس کی متعدد فلسطینی تنظیموں نے مسجد اقصٰی میں فلسطینی موجودگی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
