اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے چھ فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائی کے بعد باہر نکلتے ہوئے گرفتار کرلیے۔ گرفتار شدگان میں ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے نماز جمعہ کے دوران ہی قبلہ اول کا گھیراؤ کرلیا تھا۔ نماز کے اختتام پر مسجد سے باہر نکلنے والے چھ افراد کو مراکشی دروازے کے سامنے یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کرنے اور آتش بازی کا مظاہرہ کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
تین فلسطینی شہریوں پر مسجد اقصیٰ کے جنوب میں سلوان کے مقام پر بنائی گئی یہودی کالونیوں "بیت یونتان” اور "بیت ھدفاش” میں سنگ باری کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں بیت المقدس اور اس کے مضافاتی علاقوں سے کم سے کم 30 ہزار افراد نے نماز جمعہ ادا کی۔
