مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی اور دیگر مقدس مقامات کے خلاف اسرائیلی جارحیتوں کی نگرانی کرنے کے لیے قائم ادارے ’’القدس فاؤنڈیشن‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ آئے روز قبلہ اول پر دھاوا بولنے والے انتہاء پسند یہودیوں نے مسجد کے ایک کونے میں ایک شمع دان رکھ دیا ہے۔
اقصی فاؤنڈیشن برائے وقف و آثار قدیمہ نے پیر کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ غاصب یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے مسجد اقصی کے مشرقی کونے میں چاندی سے بنا ہوا ایک شمعدان رکھ دیا ہے۔ یہودی آباد کار مسجد اقصی میں داخل ہوکر زیادہ تر اسی کونے میں تلمودی عبادات کی ادائیگی کرتے ہیں۔ یہودی اس کونے کو ھیکل سلیمانی کا قریبی ایک مقدس مقام گردانتے ہیں۔
القدس فاؤنڈیشن نے قابض یہودی آباد کاروں کی اس کارروائی کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہودیوں کی جانب سے عبرانی شمعدان کے مسجد اقصی میں نصب کیے جانے سے اندازہ ہو گیا کہ اسرائیل نے مسجد اقصی پر قبضہ کرنے کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
