اقوام متحدہ کی تنظیم برائے سائنس وثقافت‘‘یونیسکو’’ نے فلسطینی شہر بیت لحم میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مقام پیدائش پر بنائے گئے‘‘المہد چرچ’’(چرچ آف نیٹی ویٹی)کو عالمی میراث قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یونیسکو کا جمعہ کے روز شمال مغربی روس کے شہر سان پٹرس برگ میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں عجلت میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونیسکو کے اجلاس میں جمعہ کے روز مقام میلاد مسیح علیہ السلام کو عالمی ورثہ قرار دینے کے لیے رائے شماری کی گئی۔ اس موقع پر کل اکیس اراکین میں سے تیرہ نے فیصلے کی حمایت کی، چھ نے مخالفت جب دو اراکین نے غیر جانب داری برتتے ہوئے حمایت یا مخالف میں سے کسی کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔
خیال رہےکہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں مقام میلاد مسیح کو فلسطین کی جانبسے عالمی ورثہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی تاہم اسرائیل اس مقام پر اپنی ملکیت کا دعوے دار تھا۔ اس پر امریکا اور اسرائیل دونوں نے فلسطینی درخواست کی سخت مخالفت کی اور یونیسکو کے اراکین پر بھی دباؤ ڈالا۔ تاہم جمعہ کے روز یونیسکو کے اجلاس میں اراکین فلسطینیوں کی جانب سے دی گئی درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس پر رائے شماری کی اور فلسطین کے حق میں فیصلہ ہوا۔ اجلاس میں امریکااور اسرائیل نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین