فلسطین میں غاصب اور انتہا پسند یہودیوں نے مسلمانوں کی دل آزاری کے لیے "یوم عرفہ” کے بابرکت موقع پر قبلہ اول پر اسرائیلی پرچم لہرا کرعالم اسلام سے اپنی نفرت کا مظاہرہ کیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق لاکھوں فرزندان توحید مکہ مکرمہ میں میدان عرفات میں جمع تھے اور دوسری جانب انتہا
پسند یہودی ٹولیوں کی شکل میں مسجد اقصٰی میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی شرمناک حرکات کے مرتکب ہو رہے تھے۔
یوم عرفہ کےموقع پر صہیونی انتہا پسندوں نے مسجد اقصٰی کی بیرونی دیواروں پر اسرائیلی پرچم لہرائے اور یہودی ملی نغمے گا کر قبلہ اول میں موجود فلسطینیوں کی دل آزاری کی کوشش کی۔
درایں اثناء قابض صہیونی فوج اور پولیس نے بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم تیرہ افراد کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پیر کے روز اسرائیلی فوج نے مسجد اقصٰی کی طرف آنے والے راستوں کی ناکہ بندی کر کے فلسطینیوں کو قبلہ اول میں داخلے سے روک دیا تھا۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج نے مسجد اقصٰی کے باب الاسباط کے قریب جمع کئی فلسطینیوں کوحراست میں لے لیا، جن میں سے بعض کو بعد میں رہا کر دیا گیا۔
مقبوضہ بیت المقدس ۔۔۔ مرکز اطلاعات فلسطین
