عرب لیگ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھرمیں بالخصوص امریکا اور یورپ میں اسرائیل کے لیے فنڈز جمع کرنے والی صہیونی تنظیموں کے فراہم کردہ فنڈز مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے زیرانتظام فلسطینی علاقوں کی امور کی نگراں کمیٹی کے قاہرہ میں دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ امریکا اور یورپی ممالک میں فنڈز جمع کرنے میں سرگرم انتہا پسند یہودی گروپ فلسطینی علاقوں بالخصوص مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کی تعمیروتوسیع میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔ یورپی ممالک اور امریکا سے حاصل ہونے والے فنڈز کا ایک بڑا حصہ ان یہودی تنظیموں کو دیا جاتا ہے جو فلسطین میں یہودیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں بنا رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انہیں ایسے شواہد سے ملے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر فنڈز جمع کرنے والی یہودی تنظیمیں بیت المقدس اور شام کے مقبوضہ علاقے وادی گولان میں یہودیوں کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے مدد کرتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت امریکا، مغربی ممالک اور دیگر ملکوں میں تنظیمیں فلسطین میں جاری اپنے منصوبوں کے لیے فنڈز جمع کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایسی تنظیمیں بھی موجود ہیں جو خود براہ راست کو فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر میں تو ملوث نہیں تاہم وہ ان تنظیموں کی مالی مدد کرتی ہیں جو فلسطین میں یہودیوں کی تعداد میں اضافے اور انہیں ہر قسم کی سہولتیں دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

