خان یونس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں سنہ 2005ء میں صہیونی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا فلسطینی گیارہ سال موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کےبعد چل بسا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 29 سالہ صامد فہمی ابو شنب خان یونس کی الامل کالونی میں 2005ء کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا۔ ابو شنب کو اس وقت گولیاں ماری گئی تھیں جب غزہ کی پٹی سے یہودی بستیوں کا انخلاء نہیں ہوا تھا۔ابو شنب کا کہنا ہے کہ گولیاں لگنے سے ابو شنب کے گردے فیل ہوگئے تھے اور اس کی ریڑھ کی ہڈٹی ٹوٹ گئی تھی۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہید ابو شنب کو زخمی ہونے کے بعد مصر کے اسپتالوں میں بھی علاج کے لیے لے جایا گیا جہاں اس کی متعدد بار سرجری کی گئی تھی مگر وہ جاں بر نہ ہوسکا اور گذشتہ روز وہ جام شہادت نوش کرگیا۔