مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی کنیسٹ (پارلیمنٹ) میں عرب کمیونٹی کے نمائندہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد (عرب الائنس) نے اتحاد کے سربراہ کے خلاف اسرائیلی وزراء کی تنقید کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان کی طرف سے اتحاد کے چیئرمین ایمن عودہ پرتنقید بلا جواز ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ داخلی سلامتی کے وزیر کی طرف سے غیر اہم ایشوز پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گیلاد اردان کی طرف سے ایمن عودہ پر زیرحراست فلسطینی رہنما مروان البرغوثی سے صہیونی جیل میں ملاقات اور سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت سے انکار پر تنقید کا کوئی جواز نہیں۔ ایمن عودہ نے گرفتار فلسطینی سیاست دان مروان البرغوثی سے ملاقات کر کے کوئی جرم کیا ہے اور نہ ہی شمعون پیریز کے جنازے میں عدم شرکت کوئی جرم ہے۔ ایمن عودہ کوئی سیاسی قدم اٹھانے میں آزاد ہیں۔ گیلاد اردان سمیت کسی بھی صہیونی سیاست دان یا وزیر کو ان پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیرگیلاد اردان نے عرب اتحاد کے چیئرمین ایمن عودہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں فلسطینیوں کا طرف قرار دیا تھا۔ اردان نے ایمن عودہ کے زیرحراست فلسطینی رہنما مروان البرغوثی سے اسرائیلی جیل میں ملاقات اور شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت سے انکار پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔
عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر کی ایمن عودہ پر الزام تراشی اور تنقید ان کے خلاف انتہا پسند یہودیوں کو اکسانے کے مترادف ہے۔
خود ایمن عودہ نے بھی گیلاد اردان کی تنقید کا سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف صہیونی سیاست دانوں کے شرانگیز مہم پہلے بھی جاری رہی ہے مگر صہیونی اس میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ آئندہ بھی ان کی اشتعال انگیزی کامیاب نہیں ہو گی۔ ایمن عودہ کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے کی بات کرتے ہیں مگر صہیونیوں کو ہماری یہ حق گوئی گوارا نہیں۔ اس لیے وہ بلا جواز الزام تراشی کی سیاست کر رہے ہیں۔