فلسطینی وزیرمحنت و آباد کاری نے کہا ہے کہ کابینہ نے جنگ سے تباہ حال غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے حوالے سے ایک کمیشن قائم کرلیا گیا ہے۔ یہ کمیشن اسرائیلی جارحیت کے باعث ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے کام کررہا ہے۔
کمیشن ایک حتمی رپورٹ جلد تیار کرے گا جسے 10 اکتوبر کو مصر میں ہونے والی عالمی ڈونرز کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں مقامی تاجر تنظیموں اور ایوان صنعت وتجارت کے نمائندگان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیر محنت وآباد کاری مفید الحساینہ نے کہا کہ وہ غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے قاہرہ میں پیش آئند ماہ ہونے والی عالمی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈونرز کانفرنس میں ہم عالمی برادری کوبتائیں گے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں 51 روز تک مسلط کی گئی جنگ میں کیا قیامت برپاکی ہے اور متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو پرکتنے بھاری اخراجات اٹھیں گے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ قاہرہ میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس محض آمدن نشستن برخواستن نہیں ہوگی بلکہ حقیقی معنوں میں غزہ کے تباہ حال عوام کے زخموںپر مرہم رکھنے کا موجب بنے گی۔
مفید الحساینہ کا کہنا تھا کہ ہم نےغزہ کی پٹی میں تعمیر کے حوالے سے دوسرے سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ مل کرسفارشات مرتب کرنا شروع کردی ہیں۔ جلد ہی ان سفارشات کو مکمل کرنے کے بعد ڈونرز ممالک کو بھیج دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سات جولائی سے 26 اگست 2014ء کے دوران اکاون دن تک اسرائیل نے غزہ کی پٹی پرتباہ کن حملے کیے جن کے نتیجے میں 2200 فلسطینی شہید اور 11 ہزار زخمی ہوگئے تھے۔ بمباری سے غزہ کی پٹی کا ایک تہائی علاقہ ملبے کا ڈھیر بن گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
