مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں قائم اسرائیل کی فوجی عدالت "عوفر” میں دائر فلسطینی پارلیمان کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک کے مقدمہ کی سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹرعزیز دویک کے وکیل فادی القواسمی نے بتایا کہ وکلاء کی جانب سے ڈاکٹر دویک کی رہائی کے لیے دائرمقدمہ کی سماعت اتوار کے روز ہوئی تھی، تاہم عدالت نے اسے چوبیس جنوری بروز منگل تک ملتوی کر دیا۔
ڈاکٹر دویک کے وکیل کا کہنا تھا کہ منگل کے روز ہونے والی سماعت میں یہ امکان ہے کہ صہیونی فوجی عدالت ان کے موکل کو رہا کرنے کے بجائے انتظامی تحویل میں رکھنے یا نظربند کرنے کا حکم صادر کرے گی۔
القواسمی نے بتایا کہ وہ عدالت کو قائل کر رہے ہیں کہ ڈاکٹرعزیز دویک کی گرفتاری بلا جواز ہے اور انہیں محض اس لیے گرفتار کیا گیا کہ وہ مجلس قانون ساز کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیزدویک کو قابض صہیونی فوج نے چار روز پیشتر رام اللہ سے حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتاری سے قبل ڈاکٹر عزیز دویک نے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی اراکین قانون ساز کونسل کا مشترکہ اجلاس فروری کے پہلے ہفتے طلب کرنے کا اعلان کیا تھا۔