اس موقع پر فلسطینی سفیر نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کو مسجد اقصیٰ کا سووینئر پیش کیا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہم یروشلم کو صرف اور صرف آزاد فلسطینی ریاست کا دارالخلافہ ہی تسلیم کر سکتے ہیں۔ پاکستانی عوام فلسطینی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان اور فلسطینی عوام کے درمیان تعلیمی و ثقافتی شعبوں میں تعاون کے فروغ، سیاسی و سماجی وفود کے تبادلوں اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے سیاسی حمایت سے متعلق پاکستان تحریک انصاف اور فلسطینی جماعت فتح کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے ایڈوائزر آن فارن پولیٹیکل پارٹیز ڈاکٹر شہزاد وسیم جبکہ دوسری طرف سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر اور فتح موومنٹ کے ترجمان ڈاکٹر حازم ابو شناب نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ تحریک انصاف فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، پاکستانی عوام اپنے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور اخلاقی و عملی طور پر ہر طرح سے ان کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر فلسطینی سفیر ڈاکٹر حاذم ابو شناب نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر شہزاد وسیم اور نعیم الحق کو مسجد اقصیٰ کا سووینئر پیش کیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اور ان کی حمایت سے ہماری جدوجہد کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان کی اخلاقی و سیاسی مدد اور حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان کی طرح فلسطین میں بھی نوجوان نسل اپنے حقوق کی جدوجہد میں سب سے آگے ہے۔ پاکستان اور فلسطین کے عوام کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا اور یہ دونوں ایک دوسرے کے تجربات سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے اس موقع پر کہا کہ ہم یروشلم کو صرف اور صرف آزاد فلسطینی ریاست کا دارالخلافہ ہی تسلیم کر سکتے ہیں۔ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی اور کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
