(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے متصل علاقے وادی اردن میں فلسطینی شہریوں کے مزید مکانات کی مسماری کے تازہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ادھر غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں دو زیر تعمیرمکانات کی تعمیر روک دی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے وادی اردن کے شمالی علاقے میں متعدد فلسطینی شہریوں کو نوٹس جاری کیے جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مکانات خالی کر دیں کیونکہ انہیں جلد مسماری آپریشن میں گرا دیا جائے گا۔طوباس گورنری کے یہودی توسیع پسندی کے امور کے عہدیدار معتز بشارات کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پلاننگ کمیٹی کے ایک گروپ نے وادی اردن میں چھاپہ مارا اور عین الحلوہ میں متعد فلسطینی شہریوں کو مکانات خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے ان نوٹسز میں کہا گیا کہ مذکورہ مکانات غیرقانونی طور پر تعمیر کیے گئے ہیں۔ حکام کسی بھی وقت انہیں مسمار کریں گے۔ اس لیے انہں فوری طور پرخالی کیا جائے۔
ادھر مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بیت الروش الفوقا کےمقام پر دو فلسطینی شہریوں کے زیرتعمیر مکانات کی مزید تعمیر روک دی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے مکانات کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے حکومت کی اجازت کے بغیر یہ تعمیرات شروع کر رکھی ہیں۔ اس لیے انہیں فوری طورپر روک دیا جائے۔