اسرائیلی سیاسی ذرائع کے مطابق رام اللہ "حکومت” کے سربراہ سلام فیاض اور ان کے صہیونی ہم منصب بنجمن نیتن یاہو کے درمیان رواں ہفتے میں ملاقات ہونے والی ہے۔
اسرائیلی ریڈیو نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملاقات آئندہ پانچ دنوں میں ہو گی۔ اس ملاقات میں سلام فیاض اور نیتن یاہو کے علاوہ اسرائیلی وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی یتسحاق مولخو، تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن صائب عریقات اور اور پی ایل او کے جنرل سیکرٹری یاسر عبد ربہ شرکت کریں گے۔
امید ہے کہ ملاقات میں فلسطینی وفد، فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کا خصوصی پیغام بھی نیتن یاہو کو پہنچائیں گے کہ جس میں فلسطینی رہ نما امن مذاکرات کے حوالے سے فلسطینی موقف مترشح کریں گے۔
صہیونی ذرائع کے بہ قول اسرائیلی وفد بھی فلسطینی وفد کو ایک پیغام حوالے کرے گا جس میں اسرائیل ان نقاط پر روشنی ڈالے گا کہ جن پر اسرائیل کسی پیش آئند منصوبے پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ فلسطینی صدر محمودعباس نے جمعرات کو ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے نام اپنے پیغام میں وہ امن عمل کا تاریخی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی تحلیل اور اسرائیل کو غیر قانونی ریاست قرار دینے سے متعلق اعلان کے علاوہ مسئلہ فلسطین حل کے لئے تمام آپشنز کھلے ہیں۔