کفر قاسم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گذشتہ روز شمالی فلسطین کے شہر کفر قاسم میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک شہری کی شہادت کے بعد آج اندرون فلسطین میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کفر قاسم میں قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 20 سالہ محمد طہ کو شہید کردیا تھا۔ مقامی فلسطینی آبادی نے طہ کی شہادت کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔طہ کی شہادت کے خلاف اندرون فلسطین کی سپریم فالو اپ کمیٹی کی اپیل پر آج کفر قاسم اور دوسرے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ فالو اپ کمیٹی کی طرف سے کل بدھ کو بھی فلسطین کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
فالواپ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اسرائیلی پولیس، کفر قاسم پولیس سینٹر اور انسپکٹر جنرل پولیس رونی الشیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی نوجوان کی بے رحمانہ شہادت کی تحقیقات کریں۔
فلسطینی فالو اپ کمیٹی نے فلسطینی شہری کی شہادت کی ذمہ داری اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان اور پولیس پرعاید کی اور طہ کو دانستہ طورپر شہید کیا گیا۔
ادھر کفر قاسم میں اور دوسرے شہروں میں گذشتہ روز کے واقعے کے بعد آج شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔
فالو اپ کمیٹی کی جانب سے آئندہ جمعرات اور Â جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو کفر قاسم کے تمام مرکزی مقامات پر طہ کی شہادت کےخلاف مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔ جمعہ کے روز فلسطینی علماء اور مساجد کے خطبا پرصہیونی ریاست کی دہشت گردی کی مذمت پر زور دیا گیا ہے۔