مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے عینی شاہدین کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ سوار کے روز مسجد اقصیٰ میں معتکف فلسطینیوں نے درجنوں یہودیوں کی قبلہ اول پر یلغار ناکام بناتے ہوئے قبۃ الصخرہ کے صحن میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی شرپسندوں کو اسرائیلی فوج کےخصوصی دستوں اور پولیس کی جانب سے مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ پولیس اور فوج کی سیکیورٹی میں یہودی آباد کار قبۃ الصخرہ کی طرف بڑھنے کوشش کرنے لگے تو وہاں پرموجود فلسطینی شہری سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
یہودی آباد کاروں نے آگے جانے کے لیے بھرپور زور آزمائی کی تاہم فلسطینیوں نے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں پر حملے کی کوشش کی۔ ہاتھا پائی میں متعدد نمازی زخمی بھی ہوئے تاہم یہودیوں کو پسپا ہونا پڑا۔
ذرائع کے مطابق یہودی شرپسندوں کے ایک دوسرے گروپ نے قبلہ اول کے مراکشی داخلی دروازے سے داخل ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات بھی ادا کیں۔ اس موقع پر بھی یہودیوں کو صہیونی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں موجود طلباء اور نمازیوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہودی دیر تک مسجد اقصیٰ کے بیرونی احاطوں میں گھومتے رہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
