(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکی سرپرستی میں ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کے خلاف مظاہرے جاری،تیونس میں ہزاروں افراد نے صدی ڈیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی بھر پور حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق پیر کے روز تیونس میں صدی کی ڈیل کانفرنس کے خلاف ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے،جن میں متعدد مقامی فلسطینی بھی شامل تھے۔یہ مظاہرے تیونس کے دارالحکومت میں ہوئے جس میں فلسطین کاز کے ساتھ غیر مشروط وفاداری کا اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ ان مظاہروں کا انعقاد تیونس کی جنرل لیبر یونین نے کیا تھا اور اسکا ایک نکاتی ایجنڈا اقتصادی کانفرنس کو بھر پور طریقے سے مستر د کرنا اور فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار تھا۔
مظاہروں کے روح رواں لیبر یونین کے سیکرٹری جنرل نور الدین تابوبی کا دوران خطاب کہنا تھا کہ تیونس کے عوام غیر مشروط طور پر فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔
مظاہرے کے شرکا نے بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے نام نہاد اقتصادی کانفرنس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کے مسئلہ فلسطین کے حقیقی حل کے لیے فلسطینیوں کا ساتھ دیا جائے۔