اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس کی بلدیہ عقربا کے قریبی علاقے یانون کے کھنڈرات پر دھاوا بولا ہے۔ صہیونی فوجی قصبے کی مسجد اور مکانات کی تصاویر بناتے رہے ہیں۔ نیز حملے میں انہوں نے مسجد میں داخلے کے بعد وہاں موجود اشیاء کو تلپٹ کردیا۔
القدس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے عقربا اراضی کے تحفظ کی نگہبان کمیٹی کے سربراہ حمزہ دیریہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے یانون کھنڈرات پر ہلہ بول دیا جس کے بعد اشتعال انگیز انداز میں تصاویر بنانا شروع کر دی گئیں۔
فلسطینی رضاکار نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے کھنڈرات میں موجود ایک انتہائی پرانی مسجد پر بھی حملہ کیا۔ بعد میں جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہو کر بے حرمتی کرتے ہوئے اندر تصاویر بناتے رہے۔ انہوں نے مسجد کے صحن سے پتھر بھی نکال لئے۔ یہ مواد مسجد کی مرمت کے لئے منگوایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ صہیونی فوج کی اس کارروائی کا مقصد کسی کو معلوم نہیں تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صہیونی حکام ان کھنڈرات میں موجود مساجد سمیت دیگر اہم جگہوں پر اپنا قبضہ مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
