مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مفتی اعظم الشیخ محمد حسین نے فلسطین میں صیہونیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مذہبی یلغار، مقدسات کی بے حرمتی اور مذہبی تہواروں کی آڑ میں مقدس مقامات کے تقدس کو پامال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مفتی اعظم فلسطین نے مسجد ابراہیمی اورمسجد اقصیٰ میں نمازیوں کو ہراساں کرنے اوریہودی مذہبی تہواروں کی آڑ میں دونوں مقدس مقامات کے تقدس کو پامال کرنے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کرکے عالمی قوانین کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ فلسطینیوں کو عبادت کی ادائیگی سے روکا جا رہا ہے جب کہ صیہونی اشرار کو کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ اسرائیلی حکومت نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد ابراہیمی اور مسجد اقصیٰ کو صیہونیوں کے لیے مباح اور فلسطینی مسلمانوں کے لیے حرام قرار دے رکھا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ کئی روز سے صیہونی آباد کار ’عید العرش‘ نامی ایک نام نہاد تہوار کی آڑ میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دوسری جانب القدس کے فلسطینی باشندوں کو قبلہ اوّل سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔