مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی جارحیت اور حملوں کے خلاف احتجاج کے طور پر 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مارچ اور ریلیوں کے سلسلہ کا انعقاد کیا گیا۔
باقہ شہر کے مغربی حصے میں عوامی کمیٹی نے مسجد اقصیٰ کی حمایت اور پرامن مظاہرین کے حق میں احتجاج منعقد کیا تھا جس میں درجنوں سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کی تنظیموں نے حصہ لیا۔اس کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور مسلمانوں کی عبادت کرنے کے حق کو چھیننے کے خلاف حیفہ اور ناصرہ میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
قابض اسرائیلی فوجیوں نے ریلیوں میں شامل شرکاء پر آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ سے حملہ کیا تاکہ ان مظاہروں کو ختم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ شفا عمرو شہر میں بھی کئی مقامات پر مارچ اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں البعنہ، المشھد اور نجیدات کے قصبے شامل ہیں۔ ان مارچوں میں درجنوں نوجوانوں، دیہاتی کونسلوں کے ارکان اور اسرائیل مخالف سماجی کارکنان نے شرکت کی جنہوں نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت پر سخت تنقید کی اور اس مقدس جگہ کی حفاظت کے لئے احتجاج میں شدت لانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے بین الاقوامی برادری کی جانب سے مسلم مقدس مقامات پر حملوں اور مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو سلب کرنے کی اسرائیلی کوششوں پر خاموشی کی مذمت کی۔
