اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں راس العامود کے مقام پرقائم "معالیہ زنتیم” نامی یہودی کالونی میں تعمیراتی کام کا آغاز کردیا ہے۔ تعمیراتی کاموں کی غرض سے جمعہ کے روز کالونی میں کھدائی شروع کی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں اور پولیس نے جمعہ کو علی الصباح راس العامود میں "معالیہ زنتیم” یہودی کالونی کے قریب سے گذرنے والے تمام راستے بلاک رکھ کر بند کردیے تھے اور بھاری مشینری کو کالونی کے اندر بھیجا جا رہا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج کی نگرانی میں جاری تعمیراتی کام کے لیے سیمنٹ، سریا اور دیگر تعمیراتی سامان یہودی کالونی میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ آج بھاری میشنری اور کرینیں بھی وہاں پہنچانا شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ "معالیہ زنتیم” نامی یہودی کالونی میں توسیع کی منظوری ایک سال قبل صہیونی حکومت کی جانب سے دی گئی تھی۔ راس العامد مشرقی بیت المقدس کا اہم تریم مقام ہے جہاں رواں سال کے آغاز ہی سے اسرائیل کی تعمیراتی سرگرمیاں اپنے عروج پررہی ہیں۔
کالونی میں یہودی آباد کاروں کے لیے مکانات کے ساتھ ساتھ ایک طہارت خانہ”بالمیکفاہ” بھی بنایا جا رہا ہے جس کا سنگ بنیاد پہلے ہی رکھا جا چکا ہے۔ اس کے لیے دو دونم کی جگہ مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 400 مربع میٹر کے رقبے پرایک دوسری عمارت بنائی جا رہی ہے جس میں یہودی آباد کاروں کے لیے رہائشی فلیٹس تیار کیے جائیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
