اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے مختلف علاقے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کم از کم تیرہ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی فوج کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے جنین، نابلس، الخلیل، بیت لحم اور رام اللہ کے شہروں میں پیر کی علی الصبح گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور متعدد افراد کو پہلے سے مطلوب قرار دے کر حراست میں لے لیا۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے اس وقت بھی پانچ ہزار کے قریب فلسطینیوں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے اور مغربی کنارے میں اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے والے فلسطینیوں کی گرفتاری کا یہ سلسلہ دہائیوں سے جاری ہے۔
صہیونی فورسز کسی بھی شہری کو پہلے سے مطلوب قرار دے کر اغوا کر لیتی ہیں اور حراستی مراکز میں دوران تفتیش ان کو بہیمانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔مختلف شہروں میں کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران اسلحہ سے لیس اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی گھروں کا محاصرہ کیا اور پھر اہل خانہ کو زبردستی گھروں سے نکال کر شدید سردی میں بغیر چھت کھڑا کیے رکھا، اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر نہ صرف سامان کی تلاشی لی بلکہ بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ بھی کی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین