فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام شائع ہونے والے اخبارات کو غزہ لانے کی اجازت دے دی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے ترجمان اور سیکرٹری اطلاعات ایھاب غصیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں شائع ہونے والے اخبارات کو غزہ لانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس ضمن میں اب تمام انتظامات مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت کے معاہدے کے بعد مغربی کنارے کے اخبارات کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں رہی ہے۔ تاہم اب گیند قومی مفاہمتی کمیٹی کے کورٹ میں ہے اور اسی نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا مفاہمتی معاہدے کی شرائط پرعمل درآمد کب اور کیسے کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ مغربی کنارے کے اخبارات کو غزہ لائے جانے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اب ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں رہی ہے۔ اب حتمی فیصلہ قومی مفاہمتی کمیٹی نے کرنا ہے آیا غزہ اور مغربی کنارے کے اخبارات کو ایک دوسرے علاقوں میں پہنچانے کی کب اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ مغربی کنارے سے شائع ہونے والے کئی بڑے اخبارات جن میں القدس، الحیات الجدیدہ اور الایام کی سنہ 2007 ء کے بعد سے غزہ میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔ اسی طرح فلسطینی اتھارٹی نے غزہ سے شائع ہونے والے اخبارات، فلسطین، الاستقلال اور الرسالہ کی مغربی کنارے میں تقسیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
