مغربی کنارے میں سیاسی اسیران کے اہل خانہ کی کمیٹی نے فلسطینی شہریوں سے کل بروز جمعرات الخلیل میں سیاسی اختلافات کی پاداش میں گرفتار کیے گئے افراد کی رہائی کے لیے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے اور دھرنے میں شرکت کی پرزور اپیل کی ہے۔ پروگرام کے مطابق کل دن بارہ بجے ابن رشد چوک پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
مظاہرین ایک بار پھر حماس اور فتح کے مابین مفاہمت کے باوجود سیاسی اختلافات کی پاداش میں جاری گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرینگے۔
مظاہرے کا اہتمام ’’رابطہ شباب فلسطین‘‘ اور ’’اہل خانہ سیاسی اسیران کمیٹی‘‘ نے کیا ہے جس میں حماس اور فتح کے مابین مفاہمت سے بنائی گئی’’آزادی کمیٹی‘‘ کے اراکین، مجلس قانون ساز کے اراکین اور مغربی کنارے میں سکیورٹی انتظامات سے متاثر ہونے والا ہر فلسطینی شرکت کرے گا۔ کل کے احتجاجی مظاہرے کو ’’آزادی کمیٹی سے ہمارے مطالبات‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
مظاہرے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ آزادی اور تکریم نفس ہر شہری کا بنیادی اور اولین حق ہے جس پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کیا جا سکتی،تاہم مغربی کنارے میں فتح کی نمائندہ فلسطینی اتھارٹی کی فورسز بے گناہ فلسطینی شہریوں کی سیاسی بنیادوں پر نہ صرف گرفتاریاں اور پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ متعدد افراد کو اس بنا پر نوکریوں سے برخواست کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس چار مئی کو چار برس کے بعد قاھرہ میں حماس اور فتح کے مابین ملاقات سے شروع ہونے والے مفاہمتی سلسلے میں سیاسی گرفتاریوں کا باب ختم کرنے پر اتفاق کے باوجود مغربی کنارے میں آئے روز بغیر کسی وجہ کے حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے حامیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

