مغربی کنارے میں سلام فیاض کی سربراہی میں قائم کرپٹ فتحاوی حکومت کے خلاف عوامی اشتعال بڑھتا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں مہنگائی، بے روزگاری، ناقص اقتصادی پالیسیوں کی بنا پر سلام فیاض کی وزیر اعظم کے عہدے سے برخاستگی کےلیے احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ طول پکڑ گیا ہے۔
جنین کی عدالت کے باہر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے سلام فیاض کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا اور ان کی بدعنوانی پر شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی دھرنے میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔ نیشنل پارٹی کیمرکزی کمیٹی کے رکن خالد منصور نے اس موقع پر غیر قانونی طور پر مختلف امور پر عائد کی گئی فیسوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ احتجاج کے شرکاء نے عدالت کے سامنے پہنچنے سے پہلے ایک ریلی نکالی جس میں جوق در جوق لوگ شریک ہوئے۔ مظاہرین نے سلام فیاض کی حکومت کی ناقض معاشی پالیسیوں کے خلاف نعروں پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے۔

