(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ’’عتنائیل‘‘ یہودی کالونی کے قریب ایک نامعلوم فلسطینی چاقو بردار کے چاقو کے وار سے ایک صہہونی خاتون کوہلاک کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ اتوار کی شام ایک فلسطینی چاقو بردار نے چاقو کے بے درپے وار کرکے ایک 30 سالہ یہودی خاتون کوشدید زخمی کردیا تاہم اسپتال پہنچانے سے قبل ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور کارروائی کے بعد بہ حفاظت جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا ہے کہ جس یہودی خاتون کو چاقو سے قتل کیا گیا اس کے قریب ہی تین یہودی بچے بھی موجود تھے مگر فلسطینی حملہ آور نے یہودی بچوں کو نقصان نہیں پہنچایا،
رپورٹ کے مطابق عتنائیل یہودی کالونی کے تمام آباد کاروں کو تا اطلاع ثانی گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسرائیلی پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہودی خاتون پرحملہ کرنے والا فلسطینی اس علاقے میں کوئی اور کارروائی بھی کرسکتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کے بعد تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے سال اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 28 صہیونی ہلاک اور چار سو کےقریب زخمی ہوئے ہیں جب کہ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 162 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہداء میں 7 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔
