سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز مغربی کنارے کے متعدد شہروں اور دیہاتوں پر دھاوا بولا اور آٹھ افرادکو گرفتار کر لیا۔
جنین کا مغربی ٹاؤن یامون، طوباس، الخلیل اور دیگر علاقے اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے۔ اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر مغربی کنارے سے مزاحمت کے حامی شہریوں کو اغوا کر رہی ہے۔جنین کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ پندرہ سے زائد گاڑیوں پر سوار اسرائیلی فوجیوں نے الیامون ٹاؤن پر دھاوا بولا اور یہاں سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ ان نوجوانوں میں اکیس سالہ طاھر محمود کمال ابو ھیجائ، اسکا بھائی بیس سالہ حسنی اور اکیس سالہ علاء حسنی عارف ابو ھییجاء شامل ہیں۔ صہیونی اہلکاروں نے اس دوران صامد نامی شہر ی کے گھر میں گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھو ڑ بھی کی۔دوسری جانب طوباس میں اسرائیلی اہلکاروں نے عبادہ شریف دراغمہ، بائیس سال اور محمد بشیر عبد الرزاق، اکیس سال، کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ کمال جمال دراغمہ اور جودت دراغمہ کے گھروں میں گھس کر اہل خانہ پر تشدد کیا گیا اور انہیں گھروں سے باہر نکال کر سخت سردی میں ان سے گھنٹوں کی تفتیش کی جاتی رہی۔قدیم تاریخی شہر الخلیل کے علاقے بیت امر میں بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے دو نوجوانوں اور ایک نو عمر لڑکے کو اغوا کر لیا ہے۔ بیت امر میں سرگرم قومی کمیٹی کے ترجمان محمد عوض نے خبر رساں ایجنسی ”قدس پریس” کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یہاں سے اٹھارہ سال کے احمد وجیہ ابو ماریا، سترہ سالہ محمود فایز ابو عیاش اور طہ حن منصور نامی شہری کے پندرہ سالہ بیٹے منصور کو گرفتار کر لیا ہے۔
