فلسطینی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز مغربی کنارے میں رام اللہ شہر میں فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، پولیس نے نامعلوم جہت
سے آنے والے فائر کا جواب دیا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کو افطاری کے وقت نامعلوم افراد کی جانب سے الفتح کے وزیراعظم سلام فیاض کے دفتر پر فائرنگ کی گئی، تاہم فائرنگ سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے اور نہ ہی فائرنگ کے ذریعے کا کچھ پتہ چل سکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم سلام فیاض کے دفتر کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کے وقت سلام فیاض دفتر میں موجود نہیں تھے بلکہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ افطار میں مصروف تھے۔
ادھر فلسطینی اتھارٹی کے ایک دوسرے ذرایع نے اطلاع دی ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کسی تخریب کاری کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سیکیورٹی اہلکار کی بندوق سے اچانک گولی نکل گئی تھی۔ گولیاں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے دفتر کی دیوار پر لگیں تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی شخص نے قصدا وزیراعظم کے سیکرٹری کے دفتر کو نشانہ نہیں بنایا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
