فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں جلیل القدرپیغمبر حضرت یوسف علیہ السلام کا مزار یہودی شرپسندوں کی مسلسل یلغار کے نشانے پر ہے۔
جمعرات کے روز بھی سیکڑوں یہودیوں نے حضرت یوسف کے مزارمیں داخل ہو کر تلمودی تعلیمات کےمطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر مزار کے آس پاس کی کالونیوں میں صہیونی فوج اور پولیس نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے تھے۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ جمعرات کو علی الصباح سیکڑوں یہودی شر پسند بسوں کے ذریعے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر پہنچے جہاں ان کے ساتھ صہیونی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
صہیونی فوجیوں نے مزار شریف کی طرف آنے والے تمام راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر کے فلسطینیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگادی تھی۔ کئی گھنٹے کی طویل ناکہ بندی کے بعد یہودی آبادکاروں کی واپسی شروع ہوئی۔مقامی فلسطینی نوجوانوں نے یہودی آباد کاروں پر پتھراؤ بھی کیا۔
ادھر نابلس ہی میں جمعرات کے روز کئی مقامات پر صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھر گھر سرچ آپریشن کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
