فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی اراضی پر غاصبانہ قبضے کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے
کے جنوبی شہر الخلیل کے جنوب میں الظاہرہ کے مقام پر صہیونی فوج نے فلسطینیوں کی ملکیتی دو ایکڑ زمین پر قبضہ کرلیا ہے، مقبوضہ زمین کے ٹکڑے پر ایک فوجی چھاؤنی قائم کیے جانے کا منصوبہ زیر غور بتایا جاتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن میں فلسطینیوں کی اراضی پر صہیونی قبضے کے امور پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگارعبدالہادی خنتش نے بتایا کہ صہیونی فوج نے بدھ کے روز الخلیل کے جنوب میں الظاہریہ چوک کے قریب فلسطینیوں کی ملکیتی اڑھائی ایکڑ زمین پرقبضہ کرلیا، جسے اب فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
عبدالہادی کا کہنا تھا کہ علاقے میں اسرائیلی فوج اپنی ایک نئی چھاؤنی قائم کرنا چاہتی ہے جس کے لیے اس علاقے میں فلسطینیوں کی زمین غصب کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الظاہریہ کے مقام پر فلسطینیوں کی اڑہائی ایکڑ زمین پر صہیونی قبضہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی یہاں پر صہیونی فوج اپنے مقاصد کے لیے فلسطینیوں کی اراضی پر قبضہ کرچکی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین