فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف شہروں اور دیہات میں صہیونی جیل میں زیرحراست بھوک ہڑتالی اسیرہ ھناء شلبی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے ہوئے ہیں۔
دوسری جانباسرائیلی فوج اور پولیس کے تشدد سے درجنوں مظاہرین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کےمطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد یہودی نسلی دیوار اور غیرقانونی یہودی آباد کاری کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے ان پر اشک آور گیس کے گولے پھینکے۔ کئی علاقوں میں نکالے گئے مظاہروں میں فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیرہ ھناء شلبی کے ساتھ بھی اظہاریکجہتی کیا گیا۔
اطلاعات کےمطابق رام اللہ "محمیہ ابولیمون” کے مقام پر نسلی دیوار کے قریب فلسطینیوں کے ایک جلوس پر اسرائیلی فوج نے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور ان پراشک آورگیس کے گولے پھینکے۔ مظاہرین میں کئی غیرملکی بھی شریک تھے۔ آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔
بلعین میں مقامی عوامی مزاحمتی کمیٹی برائے نسلی دیوار و یہودی آباد کاری کی جانب سے نکالے گئےایک جلوس میں فلسطینی سخت مشتعل دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل، نسلی دیوار، یہودی آباد کاری کےخلاف اور فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیرہ ھناء شلبی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نےفلسطینیوں کے درمیان اتحاد کے حق میں بھی نعرے لگائے اور فلسطینی اسیران کی صہیونی جیلوں سے رہائی کے لیے ٹھوس اقدامات کامطالبہ کیا۔
رام اللہ اور البیرہ کے مقامات پر بھی ھناء شلبی کے حق میں احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ خیال رہے کہ فلسطینی اسیرہ ھناء شلبی اسرائیلی جیل”عوفر” میں زیرحراست ہے جہاں اس نےگذشتہ سترہ دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

