فلسطین میں مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کےروز مختلف شہروں میں گھرگھر تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم سترہ فلسطینی گرفتار کر لیے گئے۔
فلسطینی شہروں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے کے شہر نابلس سے آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا، تین افراد کو رام اللہ سے اور پانچ افراد کو الخلیل اور وادی اردن سے گرفتار کر کے تفتیشی مراکز میں منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو وادی اردن میں”الفارعہ” مہاجر کیمپ میں چھاپہ مارا۔ جہاں سے چار افراد محمد شحادہ صبح،حازم حازم محمود صبری عوض، معاذ عبداللہ گل اور انیس سالہ احمد ابو صبام کو گرفتار کر لیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کیمپ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو گھروں سے سخت سردی اور بارش میں باہر نکال کر انہیں سڑکوں پر کھڑا ہونے پر مجبور کیا اور خود صہیونی فوجی گھروں کی تلاشیاں لیتے رہے۔
ادھر جنین شہرمیں بھی اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔ بعض شہروں میں اسرائیلی فوج کے قائم کردہ چیک پوسٹوں کے قریب سے گذرنے والے فلسطینیوں کی جامہ تلاشی کے ساتھ ساتھ انہیں تشدد کا بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

