خلیجی ریاست قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہوئےعالمی برادری سے فلسطینی قوم کو آزادی دلانے میں تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ معاصر تاریخ کا آخری استعماری مسئلہ ہے۔ دیگر مظلوم اقوام نے استعماری قوتوں سے طاقت کے ذریعے اپنی آزادی چھین لی۔ فلسطینیوں کو ابھی تک آزادی کی منزل سے ہمکنار نہیں کیا جاسکا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق امیر قطر نے ان خیالات کا اظہار ترکی کے دورے کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب فلسطینی قوم کی حمایت میں آواز نہ اٹھانے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔ عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حمایت میں ہر صورت میں باہر نکلنا ہوگا۔
الشیخ تمیم آل ثانی نے کہا کہ قطر فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے جنگ سے تباہ حال فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کی تعمیرنو میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ قطر غزہ کی تعمیر میں شامل ممالک میں سب سے آگے ہے۔
