فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ ان کے دورہ مصر کے انتظامات جاری ہیں جس میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں انتہائی اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے غزہ میں لیبی حکومت کے تعاون سے ایک سکول کے افتتاح کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
حماس کے قریبی ذرائع اس سے قبل یہ کہ چکے ہیں وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ جلد مصر کا سرکاری دورہ کرینگے۔ ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ فلسطینی وزیر اعظم آنے والے دنوں میں مصر کا دورہ کرنے اور وہاں کے نو منتخب صدر محمد مرسی سمیت متعدد عہدیداروں سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسماعیل ھنیہ کا یہ دورہ محمد مرسی کے مصر کے صدر بننے پر مبارکباد کے فریم ورک میں ہوگا جس میں فلسطین سے متعلق اہم معاملات پر بات چیت ہوگی، بالخصوص اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کے چھ سال سے جاری محاصرے کے بارے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ غزہ میں انسانی بہبود اور بجلی کے بحران پر بھی پیش رفت کی امید ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
