مصر کے سیکیورٹی حکام کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کا دورہ کرے گا جہاں وہ فلسطینی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ اور الفتح کے رہنماؤں سے مذاکرات کرے گا۔
ان مذاکرات میں فلسطینی جماعتوں کے درمیان سیکیورٹی کے معاملے پر پائے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق مصرکی جانب سے فلسطینیوں کے درمیان صلح کے لیے کام کرنے والی نگران کمیٹی اپنے اراکین کو جلد غزہ روانہ کرے گی تاکہ فلسطینی جماعتوں کے سیکیورٹی کے امور پرایک دوسرے کے تحفظات کا جائزہ لے کرانہیں دور کرنے میں مدد کی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق حماس اور فتح کی قیادت نے اسی ماہ قومی حکومت کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہونا باقی ہے کہ آیا قومی حکومت کے دور میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں سیکیورٹی کے مسائل کو کیسے حل کیا جاسکتا ہے۔ ماضی میں حماس کو مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی فورسز سے یہ شکایت رہی ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون کرتے ہوئے جماعت کے کارکنوں اور محب وطن شہریوں کو نہ صرف خود گرفتار کرتی ہے بلکہ ان کی گرفتاری میں اسرائیل کی بھی مدد کرتی چلی آ رہی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

