اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے مصری فوج کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر مشتمل اپنے کسی بھی بیان کی نفی کردی ہے۔ مصر کی بعض ویب سائٹس پر نشر کی گئی خبر میں کہا گیا تھا کہ القسام بریگیڈ نے مصری فوج کو حملوں کی دھمکی دی ہے۔
القسام بریگیڈ کی رسمی ویب سائٹ پر جاری تردیدی بیان میں کہا گیا کہ مصری ذرائع ابلاغ میں نشر یہ جعلی اور جھوٹا بیان خود القسام بریگیڈ کے لیے بھی شدید حیرت کا باعث ہے، اس بیان میں میں القسام بریگیڈ کے حوالے سے مصری فوج کو دھمکی دی گئی تھی اور مصری فوجی تنصیبات پر حملوں سے خبردار کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ القسام بریگیڈ کے پاس اپنے بیانات اور واضح موقف پیش کرنے کے لیے بہترین اسلوب اور ذرائع موجود ہیں، القسام بریگیڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر نشر نہ ہونے والے کسی بھی بیان کی ذمہ داری اس پر عائد نہیں ہوتی۔
القسام بریگیڈ نے کہا کہ اس طرح کے ہلکے، کم وقعت اور اجنبی الفاظ القسام بریگیڈ کے موقف، اس کی اخلاقیات اور پالیسی کو بیان نہیں کرتے، یہ بیان جاری کرنے والا مصر اور فلسطینی قوم کا خیر خواہ نہیں ہے۔ بریگیڈ نے اس بیان کو پاکیزہ اسلحہ کے ذریعے چلائی جانے والی مزاحمتی تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ اسطرح کے بیانات دینے والے عناصر مصر، فلسطین اور عرب اور اسلامی دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں۔
حماس کے عسکری ونگ نے ایک بار پھر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ عرب ممالک کے معاملات میں مداخلت کرنا پسند نہیں کرتی اور تمام عرب ممالک بالخصوص مصر کی خودمختاری کا پورا احترام کرتی ہے، اور فلسطین سے باہر کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی پر یقین نہیں رکھتی۔
القسام بریگیڈ نے مصری ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا کہ وہ مشکوک مواد کی معروضیت، ساکھ اور پیشہ ورانہ تقاضے جانچنے کے بعد ہی نشر کریں تاکہ اس طرح کی من گھڑت اور جھوٹی خبروں سے بچا جا سکے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
