فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے سیناء کے علاقے میں اتوار کے روز دہشت گردوں کے حملے میں پندرہ مصری فوجیوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مصری وزیر برائے سراغ رسانی مراد موافی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے ھنیہ نے حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین اور پوری مصری قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
مرکز اطلاعا ت فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اور مصری وزیر برائے انٹیلی جنس کےدرمیان بات چیت میں سرحدوں کی حفاظت کے لیے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فلسطینی حکومت کے ترجمان طاہر نونو نے مرکزاطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ھنیہ اور مصری وزیر کے درمیان صحرائے سینا میں مصری فوجیوں کے قتل کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے دہشت گردوں کےحملے میں مصری فوج کےسپاہیوں اور افسران کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ دونوں رہ نماؤں نے سرحدوں کی سیکیورٹی کے لیے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ اتوار کی شام مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد پر نامعلوم مسلح افراد نے مصری فوجیوں پر اس وقت حملہ کردیا تھا جب وہ افطاری کی تیاری میں مصروف تھے۔ حملے میں کم سے کم پندرہ مصری فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔ مصری حکومت نے واقعے پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین