اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے رہنما ڈاکٹر صلاح بردویل نے مصر جماعتوں کے رہنماؤں اور دانشوروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم اور غزہ کے خلاف بہتان تراشی اور جھوٹ گھڑنا چھوڑ دیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ حماس پہلے دن سے ہی پراعتماد تھی کہ سیناء کے علاقے سے مصری فوجیوں کے اغوا سے غزہ کا قریب یا دور کا کوئی واسطہ نہیں تھا۔
”مرکز اطلاعات فلسطین” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یرغمالی مصری فوجیوں کی رہائی کو فلسطینی قوم کے لیے باعث سعادت قرار دیا۔ اس سے قبل مصری فوجیوں کے اغوا کے حوالے سے غزہ پر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں اور اسی وجہ سے رفح کراسنگ بھی بند کردی گئی تھی۔ تاہم مصری فوجیوں کی رہائی کے بعد اب رفح کراسنگ کھولنے کا اعلان ہو چکا ہے۔
حماس کے رہنما نے بتایا کہ فلسطینی اور مصری قوم کے درمیان مضبوط تعلقات کو سبوتاژ کرنے کے لیے منظم کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود دونوں ملکوں کےدرمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات دوبارہ قائم ہوں گے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
