فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں باب العامود کے مقام پر مشتعل فلسطینی شہریوں نے اسرائیل کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ’’ایگد‘‘ کی ایک بس پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوانوں کی سنگ باری کے نتیجے میں ایک یہودی خاتون زخمی ہوئی ہے جسے اسپتال میں مرہم پٹی کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد اسرائیلی پولیس اور فوج نے سنگ باری میں ملوث فلسطینیوں کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا تھا تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ ہفتے ایک فلسطینی نوجوان کی کار کی ٹکر سے دو یہودی آباد کاروں کی ہلاکت اور آٹھ کے زخمی ہونے اور اس کے رد عمل میں کار ڈرائیور کی ہلاکت کے بعد شہر میں حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
