انسانی حقوق کے یکجہتی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اتھارٹی نے فلسطین میں موجود تمام اسلامی آثار کو مٹانے کی ٹھان رکھی ہے۔
حالیہ عرصے میں فلسطین بھر میں مسلمانوں کے قبرستانوں اور مزاروں کو مسمار کرنا اسرائیلی حکام کا وطیرہ بن چکا ہے۔
انسانی حقوق یک جہتی فاؤنڈیشن کے تحقیق کار احمد طوباسی کا کہنا ہے کہ فاؤنڈیشن کی ایک تازہ ریسرچ کے مطابق اسرائیلی حکومت اس سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے اور 48ء کے مقبوضہ فلسطین کے اسلامی قبرستانوں پر چھ بڑے حملے کر چکی ہے۔
احمد طوباسی نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے گزشتہ چند دنوں کے دوران 1948ء سے اسرائیلی زیر تسلط فلسطین کے گاؤں مجدل کے قبرستان پر حملہ کیا ہے۔ یہاں پر درجنوں قبریں اکھاڑ پھینکی گئیں، یہ اس سال قبرستان پر اسرائیل کا پہلا حملہ نہیں تھا بلکہ اس سے قبل بھی اسرائیل سال کے شروع سے پانچ قبرستانوں میں قبروں کی بے حرمتی کر چکا ہے۔
25 جنوری 2012ء کو غاصب یہودیوں کے ایک جتھے نے 48ء کے مقبوضہ فلسطین کے شہر بیسان کے قرستان پر حملہ کیا۔ 23 مارچ کو غاصب یہودیوں کے گروپ نے مقبوضہ مشرقی القدس میں مسجد اقصی سے متصل باب الرحمہ قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کی، 09 اپریل کو مقبوضہ فلسطین کے علاقے عسقلان کے اسلامی قبرستان کو کاروں کی پارکنگ میں تبدیل کردیا گیا۔ یہ پارکنگ قبرستان کے قریب یہودیوں کے تجارتی بازار کے لیے بنائی گئی۔
10 اپریل کو حیفا شہر کے قبرستان کی قبروں کو برابر کردیا گیا، صہیونی بلڈوزرز نے شامی اصل ایک بزرگ کا مزار بھی مسمار کردیا۔10 جون کو اقصی فاؤنڈیشن برائے وقف و آثار قدیمہ نےانکشاف کیا کہ صہیونی کمپنی ’’سولیل بونے‘‘ نے مقبوضہ فلسطین کے شہر یافا میں شیخ مونس قبرستان کے قبروں اور مزاروں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔ اس مرتبہ قبروں کو برابر کرنے کا مقصد تل ابیب یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ہوسٹل اور تجارتی مرکز بنانا تھا۔ احمد طوباسی نے مسلمانوں کے قبرستانوں اور مزاروں کیخلاف اسرائیلی مہم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ صہیونی حکومت کے یہ حملے عالمی معاہدوں، بین الاقوامی قوانین کے ساتھ ساتھ تمام آسمانی مذاہب کی تعلیمات کے بھی منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قبرستان وقف اسلامی کا حصہ ہیں جنہیں اس طرح ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر مسلمانوں کے مقدس مقامات کی توہین پر مشتمل حملے روکنے کا دباؤ بڑھائے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین